نئی دہلی، 28؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )سپریم کورٹ ریئل اسٹیٹ کے بڑے تاجر گوپال انسل کی اس نئی درخواست پر 3 مارچ کو سماعت کے لیے آج تیار ہو گیا ہے ، جس میں اپہار آتشزدگی معاملہ میں جیل کی باقی سزا کاٹنے کے لیے انہیں دی گئی ہدایت میں اصلاح کی درخواست کی گئی ہے۔عدالت عظمی نے حال ہی میں گوپال انسل کو اس معاملے میں جیل کی باقی مدت کی سزا کاٹنے کی ہدایت دی تھی جبکہ اس کے بڑے بھائی سشیل انسل کو جیل کی سزا سے راحت مل گئی تھی۔عدالت نے ان کی عمر سے متعلق پریشانیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے پہلے ہی جیل کی سزا کاٹ لی ہے ۔چھوٹے بھائی نے بھی اسی طرح کی راحت کی درخواست کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اس کی عمر 69سال ہے اور اگر اسے جیل بھیجا گیا تو اس کی صحت کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔چیف جسٹس جے ایس کھیہر کی صدارت والی بنچ نے سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی سے کہا کہ اس معاملے میں نظر ثانی عرضی کی سماعت کرنے والی بنچ کے پاس وقت کی دستیابی کے بارے میں وہ پتہ لگائے گی اور اس معاملے کو جمعہ کو سماعت کے لیے درج کیا جائے گا۔اپہار سانحہ کے متاثرین کی ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئر وکیل کے ٹی ایس تلسی نے عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نظر ثانی کی درخواست پر سنائے گئے فیصلے پر نظر ثانی نہیں ہو سکتی ۔غور طلب ہے کہ انسل برادران کی ملکیت والے اپہار سنیما ہال میں 1996میں بارڈر فلم کی نمائش کے دوران آگ لگ گئی تھی جس میں 59لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔